لاہور (جیوڈیسک) الیکشن ٹربیونل این اے اٹھانوے میں مبینہ دھاندلی کیس کا فیصلہ انتیس جون کو سنائے گا۔ الیکشن ٹربیونل لاہور کے جج کاظم علی ملک نے این اے اٹھانوے مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت کی ۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار امتیاز صفدر وڑائچ کے وکلا نے حتمی دلائل مکمل کرلیے۔
امتیاز صفدر وڑائچ کے وکیل بیرسٹر سلمان منصور نے عدالت کو بتایا کہ گیارہ مئی دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی کی گئی ۔ بیرسٹر سلمان منصور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ن لیگی ایم این اے طارق محمود کی ڈگری بھی جعلی ہے لہذا این اے اٹھانوے سے طارق محمود کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے فریقین کے حتمی دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت انتیس جون تک ملتوی کردی ۔ انتیس جون کو کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے اٹھانوے سے پیپلز پارٹی کے امتیاز صفدر وڑائچ نے ن لیگی ایم این اے طارق محمود کی کامیابی کو چیلنج کررکھا ہے۔