کولمبو (جیوڈیسک) کولمبو ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بیٹسمینوں کے ذمہ دارانہ کھیل نے پاکستان کو امیدکی کرن دکھا دی، اوپنراحمد شہزاد نے چوتھے روز کا پہلا سیشن انتہائی اہم قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ فی الحال برابر کا مقابلہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی اوپنر نے کہاکہ میچ کا اچھا آغاز نہ کرسکے لیکن بہتر بولنگ کے بعد دوسری اننگز میں بیٹنگ بھی اچھی رہی، فی الحال برابر کا مقابلہ اورکوئی ٹیم بھی حاوی ہوسکتی ہے، البتہ اتوار کو پہلے سیشن کا کھیل انتہائی اہم ہوگا، ہمارے بیٹسمین وکٹیں بچانے میں کامیاب رہے تو آئی لینڈرز کو دبائو میں لے آئینگے،ہمیں برتری پانے کیلیے سخت محنت کرنا ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ حفیظ کی وکٹ جلد گرنے کے بعد میں نے اظہر کیساتھ اننگز کو استحکام دینے کا عزم کیا جس میں کامیابی بھی حاصل ہوئی، اچھے آغاز کے باوجود وکٹ گنوانے کا افسوس ہے۔
ابھی میچ میں کافی وقت باقی ہے، مجھے اپنی اننگز کو طول دینا چاہیے تھا لیکن کرکٹ میں ایسا ہوجاتا ہے کہ اچانک آپ توجہ کھوبیٹھتے ہیں، احمد شہزاد نے کہا کہ پچ تیزی سے اپنا رویہ بدل رہی ہے، اگلے چند سیشن دونوں ٹیموں کیلیے انتہائی اہم ہونگے۔