آواران (جیوڈیسک) تحصیل مشکے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران 13 دہشتگرد مارے گئے جب کہ ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔
ترجمان ایف سی کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران کی تحصیل مشکے میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران 13 دہشت گرد مارے گئے جن میں کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے سربراہ کا بھائی اور بھانجا بھی شامل ہے جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی بھی ہوئے۔
بی ایل ایف کے مارے جانے والے دہشت گرد تربت، آواران اور مشکے میں سماج دشمن کارروائیوں میں ملوث تھے۔ واضح رہے کہ بی ایل ایف 2 فروری 2009 کو کوئٹہ میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بحالی مہاجرین کے سربراہ اورامریکی شہری جان سولیکی کے اغوا کے بعد سامنے آئی جس نے مغوی کی رہائی کے بدلے گرفتار دہشت گردوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔