کراچی (اسٹاف رپورٹر) مالیاتی بل 2015-16ء میں خاموشی سے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 33فیصد اضافے کو عوام کا استحصال اورقوم کے ساتھ ظلم قرار دیتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے چیئرمین گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنے استحصالی جوڑی داروں کی عیاشی و مراعات کیلئے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادے جارہا ہے۔
مگر ٹیکس دینے والے عوام کو نہ صرف دہشتگردوں ‘ جرائم پیشہ عناصر اور بھتہ خوروں کے سامنے بے بس و مجبور ہیں بلکہ بجلی ‘ پانی ‘ گیس سے ہی محروم نہیں علاج و معالجے اور تعلیم کی بہتر سہولیات کے ساتھ روزگار کیلئے بھی ترس رہے ہیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے والے ناکام و نکمے حکمران اور اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے عوام کو مزید بھوک سے دوچار کرنے کے اسباب پیدا کرنے والی استحصالی حکومت کے سربراہ عوام کو لوڈ شیڈنگ پر صبر اور2017ء یعنی اپنی حکومت کے خاتمے تک بحران کے خاتمے کے جھوٹے وعدے کے ذریعے عوام کو بے وقوف بناکر اپنے اقتدار کیلئے مزید مہلت طلب کررہے ہیں۔
مگر عوام کی پریشانی اور بیزاری اس مقام تک جاپہنچی ہے کہ وہ اب لٹیروں ‘ چوروں ‘ نکموں اور سرکاری خزانے پر سفید ہاتھی بن کر عوام کو بھوک سے دوچار کرنے والوں کو کوئی مہلت دینے کیلئے تیار نہیں اورمسلسل اپنی غیور ‘ دیانتدار ‘ محب وطن اورفرض شناس افواج کی جانب دیکھ رہے ہیں افواج پاکستان انہیں ان عوام دشمنوں سے نجات دلانے کیلئے کب اپناغیر روایتی کردار اداکریں گی۔