لیگی ایم پی اے کی جانب سے لاہور میں مسیحی قبرستان پر قبضے پر احتجاج

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرسچن ڈیمو کریٹک یونین آف پاکستان کے چیئرمین نعیم کھوکھر، عادل جارج مٹو ، یونس گل، ہارون بھٹی اور اقبال شاہدنے وفاقی وزیر کامران مائیکل کو کہا ہے کہ وہ اقتدار کے نشے میں مست ہوکر قوم کو مسائل کی آماجگاہ میں نہ دھکیلیں، لاہور میں لیگی ایم پی اے شہزاد منشی کی جانب سے مسیحی قبرستان میں قبروں کو مسمار کرکے قبضے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پوری مسیحی قوم میں اشتعال پھیل رہا ہے، حکومت فی الفور اس کا نوٹس لے۔

اپنی مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اقلیتیں خصوصاََ مسیحی عوام گھمبیر مسائل کا شکا رہیں، جس کے حل کے لئے نا تو وفاق اور نہ ہی صوبائی حکومتیں اقداما ت کررہی ہیں، ملک بھر میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں ، وفاقی وزیر کامران مائیکل وفاقی حکومت میں اقلیتوں خصوصاََ مسیحی عوام کی نمائندگی کرتے ہیں ، اسی لئے انہیں چاہیے کہ وہ رکن پنجاب اسمبلی شہزاد منشی کی جانب سے مسیحی قبرستان پر کیا جانے والا قبضہ ختم کراکر قوم میں پھیلی بے چینی ختم کریں۔