پاکستانی معیشت بحران کے خطرے سے نکل گئی، آئی ایم ایف

IMF

IMF

واشنگٹن (جیوڈیسک) معیشت کی ریٹنگ کرنے والے عالمی ادارے اسٹینڈرڈ ایند پوورز کی جانب سے پاکستان کی معیشت کو بہتر قرار دیئے جانے کے بعد اب عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے بھی پاکستانی معیشت کے بہتری کی جانب گامزن ہونے کا واضح اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کے بحران کا شکار ہونے کے خطرات بہت حد تک کم ہوگئے ہیں۔

پاکستانی معیشت کے بارے میں آئی ایم ایف کی جانب سے جاری رپورٹ میں موجودہ حکومت کی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہےکہ پاکستانی معیشت کی ترقی کی رفتار بہتر ہوئی ہے اور آئندہ سال اس میں مزید بہتری کے امکانات ہیں جب کہ ملک میں مہنگائی (افراطِ زر) میں کمی واقع ہوئی ہے اور اس میں مزید کمی آئے گی رپورٹ کے مطابق مالیاتی خسارہ بھی مزید کم ہو گا اور ٹیکس وصولی کی شرح میں بھی بہتری کے امکانات ہیں۔

رپورٹ میں معاشی ترقی کے بارے کہا گیا ہے کہ آئندہ برس معاشی ترقی کی رفتار ساڑھے 4 فیصد تک بڑھ جائے گی اور اس مین تیزی سے اضافے کی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی اور کاروباری ماحول میں بہتری ہے۔

رپورٹ کے مطابق معاشی ترقی کی رفتار میں آئندہ سالوں میں مزید اضافہ ہو گا کیونکہ اس دوران بجلی کی فراہمی اور کاروباری ماحول میں بھی بہتری متوقع ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دانشمندانہ معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کی شرح میں بھی مجموعی طور پر کمی متوقع ہے۔