پالی کیلے (جیوڈیسک) سری لنکا کے خلاف کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے جس کے بعد سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 35 رنز بنالئے۔
سری لنکا کے پالی کیلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری میچ کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز پر سمٹ گئی جس کے بعد میزبان ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے جس کے 3 کھلاڑی 35 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اوپننگ بلے باز ڈیموتھ کرارتنے 10 رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے جب کہ کشال سلوا 3 اور لھیرو تھرمانے بغیر کوئی رنزپویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے راحت علی نے 2 اور احسان عادل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل تیسرے روز کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے آئی لینڈرز کے خلاف 209 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پراپنی نامکمل کا آغازکیا، سرفرازاحمد 70 جب کہ عمران خان صفر رنز کے ساتھ کریزپرموجود تھے۔ ٹیم کے مجموعی اسکور میں ابھی صرف 6 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ عمران خان کی صورت میں ٹیم کا آخری کھلاڑی بھی آؤٹ ہوگیا۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز سرفراز احمد نے بنائے انہوں نے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے پرساد ،پردیپ اور کوشل نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔