پالی کیلے (جیوڈیسک) پالی کیلے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان کی ٹیم اپنے کل کے سکور 209 میں صرف چھ رنز کا اضافہ کرکے آوٹ ہو گئی۔ سرفراز احمد 78 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ شاہینوں کو پہلی اننگز میں 63 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ سری لنکا کا دوسری اننگز میں بھی آغاز اچھا تھا۔
فاسٹ بائولر راحت علی نے شاندار سوئنگ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز کے سینچری میکر کرونارتنے کو دس کے انفرادی سکور پر بولڈ کر دیا۔ راحت نے لہیرو تھری مانے کو بھی کھاتا کھولنے کا موقع نہیں دیا۔ 80 پر چار وکٹیں کھونے کے بعد کپتان اینجلو میتھیوز اور جہان مبارک نے پانچویں وکٹ کے لئے 81 رنز جوڑے۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنا کر میچ میں 291 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ اینجلو میتھیوز 77 اور چندی مل 39 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی طرف سے راحت علی اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔