شکاگو (جیوڈیسک) امریکا کے یوم آزادی پر شہر شکاگو میں فائرنگ کے 30 سے زائد واقعات میں 8 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق امریکا کے یوم آزادی پر فائرنگ کے 33 واقعات ہوئے۔
جن میں 8 افراد ہلاک اور 41 افراد زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک 7 سالہ بچہ اماری برائون بھی شامل ہے، جو اپنے والد کے ہمراہ آتش بازی کا مظاہرہ دیکھ رہا تھا کہ نامعلوم گولی کا نشانہ بن گیا۔
ہلاک ہونے والے بچے کے باپ کا کہنا ہے کہ وہ سمجھا کہ شاید یہ آتش بازی کے پٹاخوں کی آوازیں ہیں، لیکن بچے کے گرنے کے بعد اسے اندازہ ہوا کہ اسے گولی لگی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دیگر افراد کو شہر کے مختلف علاقوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں ایک 16 سالہ لڑکا اور ایک 15 سالہ لڑکی بھی شامل ہیں۔