پالی کیلے (جیوڈیسک) یونس خان اور شان مسعود کی شاندار بیٹنگ کے باعث پاکستان نے 9 سال بعد سری لنکاکے خلاف اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیت لی۔
آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان نے سری لنکا میںایک۔ صفر سے ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔پالی کیلے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ یونس خان کے ناقابل شکست171رنز اور شان مسعود کی سنچری نے 377 رنز کے ریکارڈ ہدف کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔اس سے قبل 1994 میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے 315 رنز بنا کر میچ جیتا تھا جبکہ دوسال پہلے شارجہ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کے آخری دن 302 رنز بنا کر فتح حاصل کی تھی۔تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں آج پاکستان نے 230 رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر اپنی نامکمل اننگز کاآغاز کیا۔
شان مسعود 125 رنز کی یادگار اننگزکھیل کر آئوٹ ہوئے۔ دونوںنے تیسری وکٹ کی ریکارڈ شراکت میں 242 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 30 ویں اور شان مسعود نے پانچویں ٹیسٹ میں پہلی سنچری اسکور کی۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے نا صرف پالی کیلے ٹیسٹ جیت لیا بلکہ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔مرد بحران یونس خان نے 171 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
جبکہ کپتان مصباح الحق 57 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔پاکستان پالی کیلے ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ہی نا صرف سیریز اپنے نام کرلی بلکہ عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن بھی حاصل کرلی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا معرکہ ایک روزہ میچوں میں ہوگا اور پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 11جولائی کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔