اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ کرپشن الزامات سے متعلق نیب کی فہرست پرویز مشرف دور میں سیاسی بنیادوں پر بنائی گئی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سپریم کورٹ میں کرپشن کے خلاف جاری تحقیقات کی رپورٹ پر وزیراطلاعات سینٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش کی گئی کرپشن الزامات کی فہرست مشرف دور میں بنائی گئی جس کا مقصد سیاسی فائدہ اٹھانا اور مخالفین کی ساکھ مجروح کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر نے وفاداریاں خریدنے کے لیے سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات قائم کیے تھے جن سے اب کوئی بھی مقدمہ ثابت نہیں ہوسکا جب کہ ان مقدمات کی موجودگی میں مسلم لیگ (ن) نے 2 دفعہ الیکشن لڑا اور عوام نے اس کے حق میں فیصلہ دیا۔
واضح رہے کہ نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں کرپشن کے خلاف جاری تحقیقات کی رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور سابق صدر آصف زرداری سمیت کئی بڑے سیاسی رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔