کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے آرمی چیف راحیل شریف کے عزم و استقلال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ ریاست کو چیلنج کرنا ‘ ریاست کو اپنی خواہشات کے مطابق چلانے کیلئے خود کش بم دھماکوں کے ذریعے ناحق خون بہاکر خوف و ہراس پھیلانا اور امن برباد کرکے قومی معیشت کی بدحالی کے اسباب پیدا کرنا ہی دہشتگردی نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں سے اقتدار پاکر عوامی خواہشات اور قومی ضروریات کے منافی اقدامات کرنا ‘ اختیارات کا ناجائزواستعمال اور واختیارات سے تجاوز ‘ کرپشن ‘ اقربا پروری ‘ ملک وقوم کی بد نامی کے اقدامات ‘ سیاسی رسہ کشی میں قومی و عوامی مفادات کی فراموشی ‘ قومی سرمائے کا اتلاف ‘ قومی خزانے اور قومی اراضی پر قبضے کی کوشش اور مالیاتی کرپشن بھی دہشتگردی کے مترادف ہی ہے۔
اس دہشتگردی سے نجات پانے کیلئے بھی قوم راحیل شریف ایسے ہی عزم و استقلال کی طالب ہے جیسا آپریشن ضرب عضب کو حاصل ہے ۔ امیر پٹی نے نیب کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال ‘ زمینوں پر قبضے اور مالیاتی کرپشن کے 150میگا اسکینڈلز کی سپریم کورٹ میں پیش کردہ رپورٹ میں ملوث ملزمان کیخلاف سپریم کورٹ سے فوری کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بالادست طبقات کو بھی قانون کے دائرے میں لاکرقوم کے تمام دشمنوں کا یکساں احتساب کیا جائے۔