لاہور (جیوڈیسک) شہر اقتدار میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد پارہ گر گیا ہے ، باغوں کے شہر لاہور میں بھی آسمان پر بادلوں اور سورج میں آنکھ مچولی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر کا موسم مجموعی طور پر گرم رہنے اور حبس بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
بلوچستان کے اکثر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ، دالبندین ، سبی اور تربت میں درجہ حرارت اپنی حدوں کو چھونے لگا ہے جس سے روزہ داروں کی مشکلات بڑھ گئیں۔
موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت کشمیر، مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ ، گوجرانوالہ، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، ژوب ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، مردان، بنوں، فاٹا، سرگودھا ، فیصل آباد، ساہیول، کوئٹہ، لاڑکانہ، سبی، قلات، حیدرآباد اور سکھر ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔