ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں سمیت 9 ملزمان گرفتار، پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک

Arrested

Arrested

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کر کے بھتہ خور اور لیاری گینگ وار کے کارندوں سمیت نو ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ ماڑی پور میں مقابلے کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔

کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے ، اولڈ سٹی ایریا کے علاقے ماڑی پور روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا ۔ ایس ایس پی سٹی کے مطابق ہلاک ملزم نے کھارادر کے علاقے میںایک ہفتہ قبل دوران ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص کو قتل کیا تھا ۔ ملزم حکیم کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ۔

میوہ شاہ قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کے چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ۔ ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان رضوان، مقصود اور ثاقب کا تعلق لیاری گینگ وار کے شیراز کامریڈ گروپ سے ہے ۔ ملزمان نے دوران تفتیش بھتہ خوری اور ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ ملزمان سے اسلحہ، دستی بم اور رکشہ برآمد کیا گیا ۔

پنجاب کالونی کے قریب چانڈیو گوٹھ میں پولیس نے مقابلے کے بعد تین ملزموں کو گرفتار کیا ۔ ملزمان سے اسلحہ ، لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ۔ ملزمان سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔ اورنگی ٹاؤن ساڑھے گیارہ کے علاقے میں اقبال مارکیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک بھتہ خور کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا ، نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا۔