دمبولا (جیوڈیسک) پاکستان کی سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں بیٹنگ جاری ہے جب کہ قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا لئے۔
سری لنکا کے رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی جانب سے کپتان اظہرعلی اوراحمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور 47 رنز کا اوپنگ اسٹینڈ فراہم کیا جس کے بعد اظہرعلی 21 رنز بنانے کے بعد سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز کا شکار بن گئے، احمد شہزاد بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اورصرف 29 رنزہی بنا سکے جس کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ پر 58 رنز کی شراکت قائم کی تو اور ٹیم کا اسکور 123 تک پہنچا تو بابراعظم 25 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کرمیزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر255 رنز بنائے۔ دنیش چندیمل 65 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر اور ناٹ آؤٹ رہے۔
تلکارتنے دلشان 38، کوشال پریرا 26، لھیرو تھرمانے 23، اپل تھارنگا 20، کپتان انجیلو میتھیوز 38، ملندا سریوندانا 22، تھسارا پریرا ایک اور پرسانا بغیر کوئی رنزبنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 شکار کئے جب کہ راحت علی نے 2، محمد انور اوریاسرشاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔