یاسر سرفراز جھوٹے کیس سے باعزت سرخرو ہو کر نکلیں گے۔ راجہ اطہر

Chakwal

Chakwal

چکوال : پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما راجہ اطہر ظہور جنجوعہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدمہ راجہ یاسر سرفراز کے سیاسی کیرئیر کو ختم کرنے کی سازش ہے جس کی وجہ ان کی چکوال کی عوام میں دن بدن بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے ۔ماضی میں ان کے خاندان کی چکوال کی عوام کے لئے خدمات سب پر عیاں ہیں اور ان کا گھرانہ نہایت مہذب اور عمدہ شہرت کا حامل ہے۔

اس مقدمے کے زریعے راجہ یاسر کی ذات پر داغ لگانے کی ناکام کو شش کی گئی ہے مگر اس بات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے کہ جس ادارہ پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے اس کی آمد ن راجہ یاسر سرفراز غریبوں میں خیرات کر دیتے ہیں میڈیا میں ان کے کردار پر کیچڑ اچھالنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے اور ان کے سیاسی مخالفین ان کے چاہنے والوں اور پارٹی ورکرز کو ورغلانے میں ناکام رہیں گے ۔ہمیں اعلی عدلیہ پر مکمل اعتماد اور بھروسہ ہے ہمارے ساتھ ناحق بے انصافی ہوئی ہے جس کا مداوا انشاء اللہ جلد ہو جائے گا کیونکہ راجہ یاسر بے قصور اور بے گناہ ہیں ۔آنے والے بلدیاتی انتخابات میں راجہ یاسر سرفراز کی زیرِ قیادت پاکستان تحریکِ انصاف بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔

ن لیگ کا بھرپور مقابلہ کرے گی ۔میڈیا میں یہ جعلی تاثر پیش کیا جا رہا ہے کہ کوئی اور گروپ بلدیات میں راجہ یاسر سرفراز کی غیر موجودگی سے فائدہ اٹھائے گا یہ ان کی خواہش تو ہو سکتی ہے مگر حقیقت میں راجہ یاسر سرفراز جلد سرخرو ہو کر اپنے پارٹی ورکرز کے درمیان موجود ہوں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میں میڈیا میں دئیے گئے اس تاثر کی نفی کرتا ہوں کے پاکستان تحریکِ انصاف کے حلقوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔

درحقیقت تمام پارٹی ورکرز اور قیادت راجہ یاسر سرفراز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان پر مکمل اعتماد اور بھروسہ کرتے ہیں اور بالخصوص جوان پارٹی ورکرز اپنے لیڈر پر ہونے والے اس جعلی فیصلے کے خلاف شدید غم و غصے میں ہیں اور عمران خان کو بھی اس جھوٹے مقدمے کا با خوبی علم ہے اور ہمیشہ کی طرح اب بھی انہیں راجہ یاسر سرفراز پر بھرپور اعتماد ہے ۔بد قسمتی سے اس ملک میں ذوالفقار علی بھٹو جیسے سیاسی لیڈر کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا گیا مگر اب عدلیہ آزاد ہو چکی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ ہمیں انصاف ملے گا۔