کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنماء عصمت انور محسود نے کہا ہے کہ مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ پسند فرماتا ہے غربت کے خاتمے کے لئے ہمیں متحد ہوکر جدو جہد کرنا ہوگی۔
ملک کو اس وقت غربت بے روز گاری اور بدامنی جیسے گھمبیر مسائل کا سامنا ہے ‘ جسے حل کئے بغیر ملکی ترقی نا ممکن ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) معاشی ترقی کے ساتھ ملک سے غربت ،جہالت اور بدامنی کا خاتمہ کرکے عوام کو خوشحال معاشرہ فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنماء عصمت انور محسود نے پاکستان مسلم لیگ(ن) شاہ فیصل ٹائون سیکریٹریٹ میں مستحقین میں راشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر عصمت انور محسود نے رانا انتظار ،رمضان گجر،ملک حنیف ،حاجی سعید اور دیگر کے ہمراہ سینکڑو ں مستحقین میں راشن و روز مرہ اشیاء کی تقسیم کی ۔عصمت انور محسود نے کہاکہ اپنے غریب اور مستحق بھائیوں کو عید کی خوشیوں میںتنہاء نہیں چھوڑیں گے انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ غریب نادار اور مستحقین کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے ان کی مالی معائونت کریں تاکہ وہ بھی اپنے خوشیاں بہتر طریقے سے منا سکیں۔