کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک بھارت وزرائے اعظم نواز مودی ملاقات پر انتہا پسند بھارتی تنظیم شیو سینا کے اعتراض محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ بھارت کی بنیاد پرست تنظیمیں راشٹریہ سیوک سنگھ (آر ایس ایس ) اور شیو سینا بھارت میں مسلمانوں ‘ سکھوں اور عیسائیوں کے ساتھ ظلم‘ ان کے معاشی و سماجی استحصال اور ان کے قتل عام کی ذمہ دار ہیں اور اگر مہذب دنیا نے ان دونوں بنیاد پرست و دہشتگرد تنظیموں پر پابندی اور ان کے خاتمے کی جانب سنجیدہ توجہ نہیں دی تو یہ دونوں تنظیمیں دنیا کے امن و مستقبل کیلئے القاعدہ اور داعش سے بڑا خطرہ بن جائیں گی۔
امیر پٹی نے کہا کہ بھارت کی تمام داخلی و خارجہ پالیسی انہی دونوں تنظیموں کی ایماءاور تعلیمات و مفادات کے تحت تشکیل دی جاتی ہیں کیونکہ بھارتی معاشرے اور سرکار پر ان دونوں تنظیموں کی گرفت انتہائی مضبوط ہے۔
خود بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نہ صرف اندرون خانہ ان دونوں تنظیموںکی بنیاد پرستی ‘تعلیمات اور بھارت سے اونچی ذات کے ہندووں کے علاوہ دیگر تمام مذاہب کے ماننے والوں اور نچلی ذات کے ہندووں کے خاتمے کے حامی ہیں بلکہ ان دونوں تنظیموں کے سرمائے و فنڈز سے انتخاب جیتنے کے بعد اب ان کے مقاصدو مفادات کے تکمیل کیلئے کام بھی کر رہے ہیں اسلئے مہذب دنیا اور پر امن اقوام کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ہوشیار اور دور رہنے کی ضرورت ہے۔