ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان اوران کی سابقہ محبوبہ سنگیتا بجلانی کو ایک بار پھر ساتھ ساتھ دیکھا جارہا ہے جب کہ دونوں نے ایک ساتھ فلم’’بہو بلی‘‘ کی اسپیشل اسکریننگ میں بھی شرکت کی۔
بالی ووڈ کے سپراسٹار سلمان خان اپنی جاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ معاشقوں کے باعث بھی خاصی شہرت رکھتے ہیں جب کہ کئی غیر ملکی حسیناؤں کو بالی ووڈ میں متعارف کرانے کاسہرا بھی انہی کے سر جاتا ہے۔ سلمان خان کا بالی ووڈ کی اداکار ہ سنگیتا بجلانی کے ساتھ بھی معاشقہ خبروں کی زینت بنا جو کہ طویل عرصے تک جاری رہا تاہم دونوں کی علیحدگی کے بعد اداکارہ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرالدین سے شادی کرلی تھی۔
دوسری جانب گزشتہ دنوں سلمان خان نے اپنی آنے والی فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کی پروموشن کے دوران شادی سے متعلق سوال پراپنے گھروالوں کی مرضی سے شادی کا اعلان کیا جب کہ اگلے روز ہی شادی نہ کرنے اور محبت کے دور میں واپسی کا اعلان کردیا تھا جس پرمداحوں نے حیرانی کا اظہار کیا تھا تاہم اب ایک پھر سلمان خان کو اپنی سابقہ محبوبہ سنگیتا بجلانی کے ساتھ دیکھا جارہا ہے۔
بڑے بجٹ سے تیار کردہ ڈائریکٹر ایس ایس راج مولی کی فلم ’’بہوبلی‘‘ کی اسپیشل اسکریننگ میں بھی سنگیتا بجلانی سلمان خان کے ساتھ ہی ایک گاڑی میں پہنچیں اوردونوں نے ایک ساتھ فلم دیکھی تاہم دونوں اداکاروں نے میڈیا سے کتراتے ہوئے واپسی کی راہ اختیار کی۔