کرپشن کے رسیا کم ازکم رمضان میں تو عوام کو بخش دیا کریں۔ جی کیو ایم

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں واٹر لائنوں کی تنصیب ‘ سڑکوں کی مرمت ‘ پلوں کی تعمیر کے نام پر شہر بھر میں سڑکوں کی کھدائی اور مصروف شاہراہوں کی بندش کے ذریعے ماہ رمضان میں ٹریفک جام کے مسائل پیدا کرکے روزہ داروں کی اذیت کا باعث بننے والوں سے درخواست کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ پارٹی مفادات اور ذاتی جائیدا دوبنک بیلنس میں اضافہ کیلئے حکمرانوں ‘ سیاستدانوں اور بیوروکریسی کے پاس پورا سال ہوتا ہے۔

اسلئے رمضان کا مہینہ کم از کم عوام کو بخش دیا جائے اور کرپشن و کمیشن کی خاطر ان کی تکالیف و پریشانیوں میں اضافے کے اسباب سے اجتناب کیا جائے ‘ گجراتی سرکار نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار اور ٹریفک پولیس عیدی مہم کیلئے پکڑ دھکڑ اور رشوت وصولی کی بجائے ماہ صیام کے آخری ایام میں ٹریفک کی روانی اور قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ جرائم پر گرفت پاکر عوام کو تحفظ کی فراہمی پر توجہ دیں تو شاید عید ان کیلئے ہی نہیں بلکہ اس شہر کے فرد فرد کیلئے خوشی و مسرت کا پیغام لانے میں کامیاب ہو سکے۔