اسٹیٹ بینک کی تمام بینکوں کو اے ٹی ایمز میں وافر کرنسی اسٹاک رکھنے کی ہدایت

State Bank

State Bank

فیصل آباد (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک نے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالفطر کے ایام میں اپنے اپنے بینکوں کی اے ٹی ایم برانچز میں نصب اے ٹی ایمزمیں کرنسی کا وافر اسٹاک موجود رکھیں تاکہ اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرنیوالے بینکوں کے کھاتے داران کو عیدالفطر کے ایام میں رقم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نیز تمام بینکوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی خراب اے ٹی ایمزآج ہر حالت میں چالو کروائیں ورنہ دوران چیکنگ کوئی مشین خراب پائے جانے پر ان کیخلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ذرائع نے بتا یا کہ مختلف بینکوں کے کھاتے داران کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے مجاز حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گزشتہ عید کے موقع پر اکثر بینکوں کی اے ٹی ایمز میں کرنسی ختم ہو گئی تھی جبکہ کئی مشینیں آؤٹ آف آرڈر بھی تھیں۔

جس سے اے ٹی ایم صارفین کو عید کے ایام میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنے اہم معمولات کی سرانجام دہی میں بھی سخت دشواری پیش آئی۔ انہوں نے بتا یا کہ تمام بینکوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اے ٹی ایمزکی ورکنگ کو چیک کریں اور چھٹیوں کے دوران بھی اے ٹی ایمز میں وافر کرنسی موجود رکھی جائے۔