لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال تسلی بخش ہے، ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کسی مقام پر خطرے کی کوئی بات نہیں۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دریائے راوی ، شاہدرہ کے مقام پر اور دریائے ستلج گنڈاسنگھ والا کے مقام پر معمول کے مطابق بہہ رہا ہے۔ چناب میں تریموں اور مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
چشمہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 88 ہزار کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تونسہ میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 9 ہزار کیوسک اور یہاں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک ہے اور نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
راولپنڈی کے نالہ ڈیک میں پانی کا بہاؤ 3025 کیوسک نالہ ایک 547 کیوسک ، نالہ پلکھو 585 کیوسک ہے ، 314 کیوسک نالہ بسنتر 128 کیوسک اور نالہ لئی میں 6 فٹ پانی معمول کے مطابق بہہ رہا ہے۔ صوبہ بھر میں دریاؤں اور ندی نالوں کے بہاؤ کے کسی بھی مقام پر خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔