حویلی آزاد کشمیر (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے نیزہ پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری کی گئی۔ بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے دشمن کی جارحیت کا بھرپور انداز میں جواب دیا جا رہا ہے۔
بھارتی فورسز ہر مذہبی تہوار خصوصاٍ عید کے موقع پر ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کر کے شہری علاقوں کو نشانہ بناتی ہیں جبکہ پاکستان بھارت کے ہر مذہبی تہوار کا احترام کرتا ہے۔
گزشتہ دو روز کے دوران بھارتی فورسز کی فائرنگ سے چار شہری شہید اور پانچ زخمی ہو چکے ہیں۔