ممبئی (جیوڈیسک) سلمان خان کی نئی فلم بجرنگی بھائی جان نے جہاں ریلیز ہوتے ہوئے باکس آفس پر دھوم مچادی وہیں اس فلم کی 2 دن کی کمائی نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
سلمان خان کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی کامیابی کا سفر شروع کردیا ہے۔ شائقین نے فلم میں سلمان خان کی اداکاری کو نہ صرف سراہا ہے بلکہ انہیں سنیما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے جب کہ سنیما گھروں میں فلم کی ہاؤس فل نمائش جاری ہے۔
’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کی کامیابی کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ فلم نے ریلیز کے پہلے ہی روز صرف بھارت میں 27 کروڑ 25 لاکھ روپے بٹورے جب کہ دوسرے دن فلم 36 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے دو دنوں میں 63 کروڑ 75 لاکھ روپے کما کر بالی ووڈ میں سب سے زیادہ کمانے والی فلم بن گئی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ عید پر ریلیز ہونے والی سلمان کی ہی فلم “کک” نے دو دنوں کے دوران 53 کروڑ 65 لاکھ روپے کمائے جب کہ عامر کی بلاک بسٹر فلم “پی کے” دو دنوں کے دوران 57 کروڑ رپے کما کر پہلی بالی ووڈ فلم بن گئی تھی۔