حمص (جیوڈیسک) شام کے بڑے شہر حمص میں دولت اسلامی داعش کے جنگجوؤں کے حملے میں بشارالاسد کی فوج میں شامل بریگیڈ 11 کے کمانڈر میجر جنرل محسن مخلوف ہلاک ہو گئے ہیں۔
حمص میں اسدی فوج کے بڑے عہدیدار کی ہلاکت کو سرکاری فوج کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے ۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل مخلوف کو جمعرات کے روز حمص میں T4 نامی فوجی اڈے کے قریب جنگجوؤں نے نشانہ بنایا۔ مقتول جنرل مخلوف شامی صدر بشارالاسد کے ننھیالی رشتہ دارہیں۔ ان کا تعلق شام کے آل مخلوف قبیلے سے تھا جو بستان پاشا کے مقام پر رہائش پذیر تھے۔
داعش کی جانب سے نشانہ بنائے گئے ٹی فور فوجی اڈے پر شامی فوج کا مزید جانی اور مالی نقصان بھی ہوا ہے ۔ یہ فوجی اڈہ حمص میں صدر اسد کے وفاداروں کا دفاعی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل مرکز سمجھا جاتا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جمعرات کو جنرل مخلوف کے قتل کے بعد شامی فوج نے حمص اور اس کے مضافات میں غیرمعمولی فضائی حملے کیے ہیں۔ واضح رہے کہ جنرل مخلوف اب تک مختلف اہم فوجی عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔ ان کی ہلاکت بشارالاسد اور ان کی فوج کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔