اسلام آباد (جیوڈیسک) عام انتخابات 2013 میں مبینہ دھاندلیوں کی سماعت کرنے والے جوڈیشل کمیشن کا اہم اندرونی اجلاس کل منعقد ہوگا جس میں کمیشن کی رپورٹ مرتب ہونے میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کل کے مجوزہ اجلاس میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں پر جوڈیشل کمیشن کی اب تک مرتب ہونے والی رپورٹ کی روشنی میں فائنڈنگ پر بھی غور ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن میں دونوں طرف کے وکلا کے دلائل، گواہوں كے بیانات اور ریکارڈ پر لائے گئے ثبوتوں کی حد تک رپورٹ مرتب کرنے کا بیشتر کام مکمل ہوچکا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں وکلا کے دلائل، گواہوں کے بیانات اور پیش کردہ ریکارڈ کی رپورٹ مرتب ہونے کے بعد جوڈیشل کمیشن کے معاون کے آغا اس بارے میں اپنی تجزیاتی رپورٹ بھی کمیشن کے سامنے رکھیں گے جب کہ کمیشن اس تمام عمل اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد اپنی فائنڈنگ دے گا۔ ذرائع کے مطابق نے فائنڈنگ آنے کے بعد کمیشن کی رپورٹ مکمل ہوجائے گی جسے صدر مملکت كو بھیجا جائے گا۔