ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھنے والے پاکستانی چارمنگ اداکار فواد خان نے بالی ووڈ میں سال کے سب سے زیادہ پرکشش مرد کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
انڈیا کے مشہور فیشن میگزین ’’ووگ ‘‘ کی جانب سے چھٹے ووگ بیوٹی ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں کرکٹر ویرات کوہلی، بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اور فواد خان سمیت شوبز کی اہم شخصیات نے شرکت کی جب کہ اس دلفریب تقریب میں پاکستان کے چارمنگ ہیرو فواد خان نے بھارت کے تمام اداکاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال کے سب سے زیادہ پر کشش مرد کا ایوارڈ جیت لیا۔
بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے سال کی خوبصورت و پرکشش خاتون کا ایوارڈ اپنے نام کیا جب کہ بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے سدابہار خوبصورتی اور نئی اداکارہ آتھیا شیٹھی کو نئے خوبصورت چہرے کا ایوارڈ دیا گیا۔
دوسری جانب تقریب میں انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے پہلی بار ریمپ پر ایک ساتھ واک کی جسے شائقین نے بے حد سراہا۔
واضح رہے کہ پاکستان اداکار فواد خان نے 2014 میں فلم خوبصورت ‘‘ سے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور وہ اب تک کئی ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔