لاہور کی خبریں 24/7/2015

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

اپنے علاج معالجے کی پرواہ کئے بغیر وطن کی پکار پر آپ کی خدمت کیلئے چلا آیا ہوں: شہباز شریف
لاہور (جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے طوفانی دوروں کے دوران متاثرین سیلاب سے خطاب کے دوران کہا کہ میں اپنے علاج معالجے کی پرواہ کئے بغیر وطن کی پکار پر آپ کی خدمت کیلئے چلا آیا ہوں جس پر وہاں موجود لوگوں نے ”شہبازشریف زندہ باد اور شیر آیا شیر آیا ” کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر ایک بزرگ نے کھڑے ہو کروزیراعلیٰ شہبازشریف سے کہا کہ آپ کی ذات ہمارے لئے بہت قیمتی ہے۔ آپ کو اپنا طبی معائنہ مکمل کرانا چاہیئے تھا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے مزید کہا کہ میری پہلی اور آخری ترجیح میرا وطن اور میرے عوام ہیں۔ 2010 اور 2014 کے سیلاب کے وقت بھی میں اپنے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کے ساتھ تھا اور اب بھی اس وقت تک ساتھ رہوں گا جب تک پانی سمندر میں نہیں چلا جاتا اور آپ دوبارہ اپنے گھروں میں آباد نہیں ہو جاتے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی شہباز شریف کا نیو ٹی وی کے کنٹرولر نیوز ہمایوں سلیم کے بھائی عثمان سلیم کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نیو ٹی وی کے کنٹرولر نیوز ہمایوں سلیم کے بھائی عثمان سلیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) حکومت پنجاب کے قوانین کی روشنی میں ملازم پیشہ خواتین کو ہراساں کیئے جانے کے انسداد کے ایکٹ کا اطلاق پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تمام پارٹنر سکولوں پر یکساں ہوتا ہے ۔ اس حوالے سے ان سکولوں میں تعینات خواتین اساتذہ کسی شکایت کی صورت میں پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کو تحریری رپورٹ کریں۔ موصول شدہ شکایات پر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی محکمانہ کمیٹی تحقیقات کر ے گی ۔ یہ بات پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے ترجمان نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ ملازم پیشہ خواتین کو ہراساں کیئے جانے کے انسداد کے قانون کی روشنی میں محکمانہ فوکل پرسن کی تعیناتی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ اسی طرح تین رکنی محکمانہ تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے ۔ ترجمان نے مزیدکہا کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے پارٹنر سکولوں میں تعینات اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ کے ساتھ ساتھ اس بات کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے کہ اساتذہ کو اپنے فرائض کی سر انجام دہی کے لیئے موافق ماحول مہیا ہو تاکہ طالبعلموں کو خوشگوار ماحول میں تعلیم ملے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و ممبر ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو کمیٹی لاہور انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ حکمران ذاتی مفادات کی وجہ سے قوم کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگا رہے ہیں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران قوم کو بتائیں کہ کل 43کھرب کا وفاقی بجٹ رکھنے والاملک سالانہ 2کھرب روپے کا نقصان برداشت کرنے کا متحمل ہوسکتا ہے۔ کالا باغ ڈیم نہ بنانے کا جرمانہ پوری قوم دو کھرب روپے سالانہ اداکررہی ہے۔ جوعوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے قومی گرڈمیںڈیڑھ روپے فی یونٹ سستی بجلی کے 12 ارب یونٹ شامل ہونا تھے ، جو نہیں ہو سکے اس وجہ سے قوم فرنس آئل سے 18روپے فی یونٹ بننے والی بجلی خریدنے پر مجبورہیں۔یہی مہنگی بجلی خریدنے کی مد میں پنجاب کے عوام 100ارب روپے سندھ کے باسی 40 ارب روپے ، خیبر پختون خواہ کے لوگ25ارب روپے اور بلوچستان کے رہنے والے 10ارب روپے سالانہ ادا کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم نہ بنانے کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ترجیحات صحت و تعلیم نہیں بلکہ میٹروبس سروس ہے۔ اپنے آفس میں کارکنوں کو میٹرو منصوبے سے متعلق اعداد و شمار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میٹرو بس کے اخراجات دنیا بھر میں بننے والی میٹروبس سے کہیں زیادہ ہیں۔ حکومت نے راولپنڈی جنگلہ بس کی فی کلومیٹر لاگت قریباً 2ارب روپے ظاہر کی ہے جبکہ احمدآباد بھارت میں یہ 24کروڑ روپے، بیجنگ چین میں 2013ء میں 48کروڑ روپے فی کلومیٹر کی لاگت سے بنائی گئی اور اربوں روپے کا گھپلا چھپانے کیلئے راولپنڈی اور اسلام آباد میں جنگلہ بس کو 2014-15ء کے بجٹ میں چھپایا گیا حالانکہ جو 44ارب روپے راولپنڈی اسلام آباد کے صرف 24کلومیٹر روٹ پر لگائے گئے ہیں ان سے 1000 بسیں راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چل سکتی تھیں، 15ارب روپے سے راولپنڈی کے تمام رش والے علاقوں میں انڈرپاس اور فلائی اوور تعمیر کیے جا سکتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے لوٹ مار مچا رکھی ہے جس کا انہیں حساب دینا ہو گا۔