واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی ریاست لوزیانا کے ایک سینما گھر میں فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ریاست لوزیانا کے شہر لافائیٹ میں ایک 58 سالہ سفید فام شخص نے سینما کے اندر فلم شو کے دوران اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جب کہ واقعے میں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر اپنی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نے سینما ہال کے اندر داخل ہو کرتقریباً 20 منٹ تک فائرنگ کی اور اس دوران ہال میں 100 افراد موجود تھے ،پولیس نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جس میں گزشتہ ماہ جنوبی ریاست کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں ایک گرجا گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ 3 سال قبل بھی ریاست کولوراڈو کے ایک سینما گھر میں ہی فائرنگ کے واقعے میں 12 افراد مارے گئے تھے اور حال ہی میں امریکی صدر باراک اوباما نے اعتراف کیا تھا کہ وہ اپنے دور صدارت میں گن کنٹرول کے لئے مؤثر قانون سازی میں ناکام رہے ہیں۔