تحریر: رانا اعجاز حسین مئی کے آخری عشرے میں دنیا بھر کی طرح ہمارے ہاں بھی والدین کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اس موقع پر والدین کی عظمت پر بہت کچھ لکھا جاتا ہے لیکن پورے اقوام عالم میں والدین کے سب سے زیادہ حقوق اور والدین کی سب سے زیادہ عظمت دین اسلام نے بیان کی ہے۔ حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے پوچھا کہ اولاد پر ماں باپ کا کتنا حق ہے ؟ سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ وہ تمہاری جنت اور دوزخ ہیں۔” یعنی یہ کہ اگر تم ماں باپ کی فرمانبرداری اور خدمت کرو گے اور ان کو راضی رکھو گے تو جنت پالوگے اور اس کے برعکس اگر ان کی نافرمانی اور ایذا ء رسانی کرکے انہیں ناراض کرو گے اور ان کا دل دکھائو گے تو پھر تمہارا ٹھکانہ دوزخ میں ہو گا۔
حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ کی رضا مندی والد کی رضا مندی میں ہے اور اللہ کی ناراضگی والد کی ناراضگی میں ہے۔ اس حدیث مبارکہ کا مطلب اور مدعا یہ ہے کہ جو اپنے مالک و خالق کو راضی رکھنا چاہے وہ اپنے والد کو راضی اور خوش رکھے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہونے کیلئے والد کی رضا جوئی شرط ہے اور والد کی ناراضگی کا لازمی نتیجہ اللہ کی ناراضگی ہے۔ لہٰذا جو کوئی والد کو ناراض کرے گا وہ رضائے الہی کی دولت سے محروم رہے گا۔لیکن یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ والد اگر شریعت کے خلاف حکم دے تو اولاد کے لئے اس حکم کا ماننا ضروری نہیں تاہم اس وقت بھی یہ ضروری ہے کہ والدکا احترام اور ان کی خدمت کرتے رہیں۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے دریافت کیا کہ مجھ پر خدمت اور حسن سلوک کا سب سے زیادہ حق کس کا ہے ؟ سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تمہاری ماں ‘ پھر میں کہتا ہوں تمہاری ماں ‘ پھر میں کہتا ہوں تمہاری ماں ‘ اس کے بعد تمہارے باپ کا حق ہے ‘ اس کے بعد جو تمہارے قریبی رشتہ دار ہوں پھر جو ان کے بعد قریبی رشتہ دار ہوں۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی اس روایت میں سوال کرنے والے صحابی کا نام مذکوہ نہیں ہے ‘ لیکن جامع ترمذی اور سنن ابی دائود میں مذکور ہے کہ معاویہ بن حیدہ قشیری نے سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے سوال کیا تھا کہ”مَنْ اَمَرُّ ؟”(مجھے کس کی خدمت اور کس کے ساتھ اچھا سلوک کرنا چاہئے ؟) یعنی اس بارے میں سب سے زیادہ اور سب سے مقدم حق کس کا ہے توسرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ ”اُمَّکْ” (تمہاری ماں کا) انہوںنے پوچھا ”ثُمَّ مَنْ؟”(پھر کس کا حق ہے) سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پھر فرمایا :”اُمَّکْ”(تمہاری ماں کا)۔ انہوں نے پھر پوچھا ۔ ”ثُمَّ مَنْ؟”(اس کے بعد کس کا حق ہے)۔سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے پھر فرمایا ”اُمَّکْ” انہوں نے اس کے بعد پھر پوچھا ” ثُمَّ مَنْ؟” ( پھر ماں کے بعد کس حق ہے ؟)تو چوتھی دفعہ میں سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا’ ماں کے بعد تمہارے باپ کا حق ہے ‘ اس کے بعد درجہ بدرجہ اہل قرابت اور رشتہ داروں کا حق ہے۔
Happy Parents’ Day
ان کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے۔ ”ان دونوں حدیثوں کا صریح مدعا یہ ہے کہ خدمت اور حسن سلوک کے بارے میں ماں کا حق باپ سے زیادہ اور مقدم ہے۔ قرآن مجید سے بھی یہی معلوم ہوتا ہے ‘ کیونکہ کئی جگہ اس میں ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کے ساتھ خاص طور سے ماں کی ان تکلیفوں اور مصیبتوں کا ذکر فرمایا گیا ہے جو حمل اور ولادت میں اور پھر دودھ پلانے اور پالنے میں خصوصیت کے ساتھ ماں کو اٹھانی پڑتی ہیں۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا وہ آدمی ذلیل ہو ‘ وہ خوار ہو ‘ وہ رسوا ہو ۔ عرض کیا گیا ‘ یا رسول اللہ کون ؟ یعنی کس کے بارے میں یہ ارشاد فرمایا گیا ہے؟ ٔسرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا وہ بدنصیب جو ماں باپ کو یا دونوں میں سے کسی ایک ہی کو بڑھاپے کی حالت میں پائے پھر ان کی خدمت او ر ان کا دل خوش کرکے جنت حاصل نہ کر لے۔” ماں باپ کی خدمت اورانہیں سکون پہنچانا جنت حاصل کرنے کا خاص وسیلہ ہے اور اس کے برعکس ان کی نافرمانی اور ایذاء رسانی آدمی کو دوزخی بنا دیتی ہے پھر یہ بھی ظاہر ہے کہ جب ماں باپ بڑھاپے کو پہنچیں تو اس وقت وہ خدمت اور سکون کے زیادہ محتاج ہوتے ہیں اور اس حالت میں ان کی خدمت اللہ کے نزدیک نہایت محبوب اور مقبول عمل اور جنت تک پہنچنے کا سیدھا زینہ ہے۔
Allah
چنانچہ اللہ تعالیٰ جس بندے کو اس کا موقع میسر فرمائے اور وہ ماں باپ کا یا دونوں میں سے کسی ایک کا بڑھاپا پائے اور پھر ان کی خدمت کرکے جنت تک نہ پہنچ سکے بلاشبہ وہ بڑا بدنصیب اور محروم ہے اور ایسوں کے حق میں سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا فرمانا ہے کہ وہ نامراد ہوں ‘ ذلیل و خوار ہوں ‘ رسوا ہوں ۔ ایک شخص اپنے والدین کو بہت ستاتا تھا یہاں تک کہ والدہ فوت ہو گئی اور والد بوڑھا ہو گیا اور کسی خطرناک بیماری کا شکار ہو گیا ۔یہ شخص اس وقت والد کو ستانے سے باز نہ آیا اور اس سے جان چھڑانے کی سوچ لی اور بیمار والد کو اٹھا کر کسی ویران کنوئیں میں پھینکنے کیلئے چل پڑا راستے میں والد نے کہا بیٹا کچھ دیر ٹھہر جائو خود بھی آرام کر لو اور میری ایک بات بھی سن لو چنانچہ اس نے بیمار والد کو زمین پر بٹھایا تو والد نے کہا کہ بیٹا میں بھی اپنے والد یعنی تمہارے دادا کو اسی کنوئیں میں پھینک آیا تھا۔ یہ سن کر نوجوان کو حیرت ہوئی اور غور کیا تو کانپ اٹھا اور اپنا انجام بھی نظر آ گیا کہ اگر میرے والد نے اپنے والد کو ستایا اور کنوئیں میں پھینک دیا تھا اور میں بھی یہی کام کروں تو کل میرا بیٹا بھی میرا حشر یہی کرے گا اور کنواں میری قبر بنے گا۔
نوجوان نے وہیں توبہ کی اور والد کو لے کر واپس گھر آگیا اور اس کی زندگی تک اس کی خدمت میں لگا رہا ۔ جو لوگ اپنے والدین کے نافرمان ہیں اس قصے میں ان کیلئے عبرت ہے اور سبق ہے کہ کل تمہاری اولاد بھی تمہیں اسی طرح ستائے گی جیسے تم لوگ اپنے والدین کو ستا رہے ہو ۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے والدین کے حقوق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین)اولیا ئے کاملین کے نزدیک اپنے ماں باپ کا چہرہ محبت سے دیکھنا اولاد کے لئے عبادت ہے چنانچہ جو اولاد اپنے ماں باپ کا چہرہ اللہ تعالیٰ کی دوستی کیلئے دیکھتے ہیں تو انہیںایک حج مبرور یعنی مقبول اس کے نامہ اعمال میں لکھا جاتا ہے اوراللہ تعالیٰ اس کو بخش دیتا ہے۔
موجودہ دور میں اولاد والدین کے معاملہ میں بڑا سخت رویہ رکھتے ہیں ماں باپ اگر نصیحت کریں تو قطعاً نہیں مانتے اور نہ ہی ماں باپ کو کسی مقام پر عزت دیتے ہیں میری گزارش ایسے والدین سے ہے جن کا اپنی نافرمان اولاد سے واسطہ پڑا ہوا ہے آپ انہیں بد دعائیں نہ دیں بلکہ ان کے حق میں دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ انہیں خدمت والدین کی توفیق عطا فرمائے اور ان کی اصلاح فرمائے۔ آمین
Rana Aijaz
تحریر: رانا اعجاز حسین ای میل: ra03009230033@gmail.com رابطہ نمبر:0300-9230033