کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے صوبہ سرائے پل کے تحصیل کوہستانت میں رات بھر جاری رہنے والی شدید لڑائی کے بعد طالبان نے قبضہ کر لیا ہے جب کہ وہاں موجود پولیس اور دیگر عملے کویتھیار ڈالنے پر مجبور کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شمالی صوبہ سرائے پل کی تحصیل کوہستانت میں گزشتہ کئی روز سے طالبان اور مقامی پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں لیکن گزشتہ رات اس میں شدت آگئی اور دونوں جانب سے بھاری اسلحہ کا استعمال کیا گیا۔ رات بھر جاری رہنے والی لڑائی کے بعد طالبان نے تحصیل کے پولیس ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کرتے ہوئے وہاں موجود پولیس افسر اور کئی اہلکاروں کو ہتھیار ڈٓالنے پر مجبور کردیا۔
صوبائی پولیس چیف جنرل محمد آسیر نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ تحصیل کوہستانت کے صوبائی دارالحکومت کے دور ہونے کی وجہ سے بروقت پولیس کی مزید نفری نہ بھیج سکی جس کی وجہ سے طالبان نے یہاں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ واضح رہے کہ نیٹو اورامریکی افواج کی بڑی تعداد میں انخلا کے بعد سے طالبان صوبہ ہلمند کے جنوب مشرقی علاقوں پر کنٹرول حاصل کر چکے ہیں جب کہ صوبہ کنٹر کی تحصیل ماراوار میں بھی اپنا کنٹرول مضبوط کر رہے ہیں۔