مظفر گڑھ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ملک اسحاق اور بیٹوں سمیت 14 ملزمان ہلاک

Police

Police

مظفر گڑھ (جیوڈیسک) شاہ والا میں مبینہ پولیس مقابلے میں ملک اسحاق اور ان کے 2 بیٹوں سمیت کالعدم تنظیموں کے 14 ملزمان ہلاک اور 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

مظفر گڑھ کے علاقے شاہ والا میں کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ملک اسحاق، ان کے 2 بیٹے عثمان اور حق نواز سمیت کالعدم تنظیموں کے 14 ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں غلام رسول اور اس کے بیٹے بھی شامل ہیں، تمام ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور ملزمان دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے، ہلاک ہونے والے ملزمان میں زیادہ تر کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملک اسحاق کو چند روز قبل گرفتار کیا گیا تھا اور ملک اسحاق کو اسلحے کی نشاندہی اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے ملتان سے مظفر گڑھ لایا جایا جا رہا تھا کہ شاہ والا کے قریب ملزمان کے ساتھیوں کے انھیں چھڑانے کی کوشش کی جس پر ملزمان سے مقابلہ ہو گیا اور تمام ملزمان ہلاک ہو گئے۔

مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں ڈی کیو اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جب کہ کشیدگی کے خدشے کے پیش نظر ڈی کیو اسپتال کے تمام داخلی و خارجی دروازے بند کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔