کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بنک ٹرانزکشن پر لگایا جانے والاود ہولڈنگ ٹیکس بنک صارفین پر ظلم کی ایک ایسی انوکھی مثال ہے جس کی دنیا میں کہیں کوئی نظیر نہیں ملتی۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاگ تاجروں کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے معیشت ‘تجارت ‘ اقتصادیات ‘ صنعت اور عوام دشمن اقدامات کیخلاف احتجاج سیاسی جماعتوں ‘ سیاستدانوں اور تمام عوامی طبقات کا بنیادی استحقاق ہے مگر احتجاج کے نام پر کاروبار کی بندش سے مسائل کا حل کسی طور ممکن نہیں اسلئے تاجر برادری ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف شٹر ڈاون یا کاروبار کی بندش کی بجائے پر امن احتجاج کا ایسا راستہ اپنائے جس میں مذاکرات کا دروازہ ہمہ وقت کھلا رہے اور حکمرانوں کو بھی سرمایہ دار طبقات اور ذاتی مفادات کے ساتھ آئی ایم ایف اور سامراجی ممالک کی ہدایات پر ایسے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہئے۔
جس سے عوامی طبقات کے مفادات پر ضرب پہنچے بصورت دیگر پاکستان کے عوام عرصہ دراز سے بالادست طبقات کے استحصال ‘ ظلم ‘ جبر اور نا انصافی کے باعث اب اس مقام تک پہنچ چکے ہیں جہاں کمزور سے کمزور طبقہ بھی پلٹ کر” جواب “دینے پر مجبور ہوجاتا ہے اور کمزور طبقات کے ”جواب “ کو غداری قرار دینے کی روایت ملک کو عسکریت پسندی سے دوچار کرکے ناکامی اور شکست و ریخت سے دوچار کردیتی ہے اسلئے حکمرانوں کو قومی مفادات کے خلاف اقدامات سے اجتناب کرنا چاہئے۔