اسلام آباد (جیوڈیسک) بینکاری لین دین پرود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجر برادری نے آج ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ تاجروں کے بعض دھڑوں نے آج کی ہڑتال کو مسترد کرتے ہوئے 5 اگست کو ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف آج ملک بھرمیں شٹرڈاؤن ہڑتال اورتجارتی مراکز بند رکھنے کی اپیل کی ہے، جبکہ تنظیم کے دوسرے دھڑے نے آج کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے، اس کو حکومتی سازش قرار دیا ہے، جس کے باعث پورے ملک میں تاجر 2حصوں میں تقسیم ہوچکے ہیں۔ کچھ آج اور کچھ 5اگست کو ہڑتال کریں گے۔
کراچی میں جوڑیا بازار، بولٹن ، لیاقت آباد اور حیدری جیسی بڑی مارکیٹیں آج بند رہیں گی۔ اولڈ سٹی ایریا، طارق روڈ اور دیگر مارکیٹوں کے تاجر 5 اگست کو ہڑتال کریں گے۔
لاہور اور پشاورمیں بیشتر مارکیٹیں آج بند رہیں گی۔ ملتان میں تاجروں نے یکم اور پانچ اگست دونوں دن ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تاجروں اور چیمبر آف کامرس کے درمیان ہڑتال پر اختلاف ہے۔ تاجر آج جبکہ صنعت کار 5 اگست کو ہڑتال پر جائیں گے۔