نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت میں معاشی ، معاشرتی اور ذاتوں سے متعلق کئے گئے تازہ سروے سے ثابت ہوا ہے کہ بھارتیوں کی اکثریت اس وقت شدید غربت کی شکار ہے۔
مردم شماری میں بھارت کے طول وعرض میں 30 کروڑ گھرانوں کا سروے کیا گیا جس سے انکشاف ہوا کہ 73 فیصد آبادی دیہاتوں میں رہتی ہے جن میں سے صرف 5 فیصد ٹیکس دینے کی سکت رکھتی ہے صرف ڈھائی فیصد چار پہیوں کی سواری رکھتے ہیں اور 10 فیصد تنخواہ والی ملازمت کے حامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان دیہاتوں میں صرف ساڑھے تین فیصد افراد گریجویٹ ہیں جب کہ 35 فیصد آبادی لکھنے یا پڑھنے سے قاصر ہے۔
اگرچہ بھارت میں غربت کی تعریف پر ہمیشہ بحث ہوتی رہی ہے لیکن 2014 میں پلاننگ کمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی قریباً 29 فیصد آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزاررہی ہے جن کی تعداد 36 کروڑ30 لاکھ سے زائد ہے جب کہ دیہاتوں میں 57 فیصد اور شہروں میں 47 فیصد افراد اپنی آمدنی صرف خوراک پر خرچ کرتے ہیں۔ مجموعی طور پر 73 فیصد آبادی کی ماہانہ آمدنی 5 ہزاربھارتی روپے سے بھی کم ہے۔