لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ بھارتی فوج یا بھارتی حکومت کو پاکستان آکرمہاجروں کی مدد کیلئے نہیں کہا وہ چیلنج کرتے ہیں کہ مخالفین دنیا کے کسی بھی فورم پر میری تقریر کے یہ جملے سنائیں اگر جملے ثابت ہو گئے تو گردن کٹانے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے والے ثابت نہ کر سکے تو شرم سے ڈوب مریں۔ الطاف حسین نے کہا کہ غلط باتیں ان سے منسوب کرنے والے حقائق مسخ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب الطاف حسین نے عوام سے پارٹی قیادت سے دستبرداری کے حوالے سے رائے متحدہ قومی موومنٹ کی ویب سائٹ پر طلب کر لی ہے۔
الطاف حسین نے کہا کہ عوام فوری طور پر انہیں اپنی پرخلوص رائے سے آگاہ کریں۔ الطاف حسین نے عوام سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا انہیں پارٹی اور قوم کو بچانے کی خاطر تحریک سے دستبرداری کر لینی چاہیے؟۔ الطاف حسین اس سے قبل بھی متعدد بار پارٹی سے قیادت کی دستبرداری کا اعلان کر چکے ہیں۔