اسلام آباد (جیوڈیسک) پی ٹی آئی ارکان ایوان میں رہیں گے یا نہیں، قومی اسمبلی میں آج فیصلے کا امکان ہے۔ ایم کیو ایم اور جمعیت علمائے اسلام ف نے تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق تحاریک واپس لینے سے انکار کر دیا، حکومت نے ان تحاریک کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس صبح ساڑھے دس بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا۔ آج ایوان میں نجی کارروائی کا دن ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ اور جے یو آئی ف نے اپنی تحاریک واپس نہ لیں تودونوں تحریکیں اجلاس کے ایجنڈے پر رکھی جائیں گی، ان تحاریک پر قواعد کے تحت رائے شماری کرائے جانے کا امکان ہے۔
تحریکوں کی منظوری کےلیے ایوان میں موجود اور رائے شماری میں حصہ لینے والے ارکان کی سادہ اکثریت ضروری ہوگی۔ نون لیگ ، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور کئی دوسری جماعتیں ان تحریکوں کی مخالفت کا اعلان کر چکی ہیں۔