اسلام آباد (جیوڈیسک) تمام سیاسی جماعتیں تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ نہ کرنے پر متفق ہیں ، جے یو آئی کے بعد ایم کیو ایم بھی تحریک واپس لینے پر رضا مند ہو گئی۔ پارلیمنٹ میں نئی قرارداد منظور کرانے کے بعد تحاریک واپس ہونگی جس کے لیے پارلیمانی رہنمائوں کا غور خوص جاری ہے۔
پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں خورشید شاہ ، وزیر اطلاعات پرویز رشید ، رشید گوڈیل ، مولانا فضل الرحمان ، اکرم درانی ، شیخ رشید ، محمود خان اچکزئی ، فاروق ستار اور فاٹا کے پارلیمانی لیڈر بھی شریک ہیں۔
اجلاس میں جے یو آئی کی نئی مجوزہ تحریک لانے کے امور پر غور کیا جا رہا ہے ۔ نئی قرارداد کے مسودے پر غور کیا جا رہا ہے۔اجلاس سے قبل سپیکر ایاز صادق نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین سے بات ہوئی ہے ۔ الطاف حسین کو شوق سے فون نہیں کیا ، عوام کے جذبات سے آگاہ کیا۔
متحدہ قائد کو کہا ہے کہ فوج کے خلاف بات نہ کریں انھوں نے جواب دیا کہ رینجرز اور فوجیوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں ، چیمبراجلاس کے بعد خوشخبری دوں گا۔