مانسہرہ (جیوڈیسک) پھلڑہ کے قریب سری پہاڑی پر ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مانسہرہ میں پھلڑہ کے قریب آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سری پہاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 2 پائلٹ میجر ہمایوں ٹیپو اور میجر مزمل شامل تھے جب کہ ہیلی کاپٹر میں آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف سوار تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر میں راولپنڈی سے زخمی فوجی کی طبی امداد کے لیے گلگت جارہی تھی کہ خراب موسم کے باعث بھینگڑہ کے پہاڑ سے ٹکرا گیا جس کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔
مقامی افراد کا کہنا ہےکہ ہیلی کاپٹر گرتے ہی اس سے شعلے بلند ہونا شروع ہوگئے، حادثے کے فوری بعد ریسکیو اداروں کو امدادی سرگرمیوں کے لیے جائے حادثہ پر روانہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اوروفاقی وزیرداخلہ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہا رکیا ہے۔