کراچی (جیوڈیسک) کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ كراچی آپریشن ہر قسم کے دباؤاور مصالحت سے آزاد ہے اس سے حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
کراچی میں رینجرز ٹریننگ سینٹرمیں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن مکمل طور پر غیر سیاسی اور بلا امتیاز ہورہا ہے یہ ہر طرح کی مصلحت اور دباؤسے آزاد ہے۔
آپریشن كی بدولت كراچی كے حالات بہتری كی جانب گامزن ہیں اور عوام كا اعتماد بحال ہورہا ہے جب کہ اس دوران قانون نافذ كرنے والے اداروں كی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ كراچی آپریشن كے اہداف دہشت گرد، ان كے معاونین، سہولت كار اور مالی مددگار ہیں، ان اہداف کے حصول کے لیے ہم كوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاكستان رینجرز سندھ قابل ستائش ادارہ ہے اور اس کی کامیابی كا سہرا اس كی اعلیٰ قیادت اور عمدہ ٹریننگ كے سر ہے۔
رینجرز دہشت گردی كے خلاف ہراول دستہ ہے۔ كور كمانڈ نے شہریوں سے اپیل كی كہ معاشرتی ذمے داری کے طور پر وہ اپنے ارد گرد ہونے والے حالات واقعات پر نظر رکھیں اور كسی بھی قسم كی غیر معمولی سرگرمی كی اطلاع متعلقہ اداروں كو دیں۔