سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کو ضلع پلوامہ میں 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کوضلع کے علاقے کپواڑہ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پرتشددکارروائی کے دوران ایک مکان کو تباہ کرنے کے بعد شہید کیا۔ ایک نوجوان کی شناخت طالب حسین شاہ کے طورپر ہوئی ہے جو پوسٹ گریجویشن کر رہا تھا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔
علاقے میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں مظاہرے کیے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
مظاہرے کے بعد ضلع کے علاقے کاکہ پورہ میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ اودھم پورمیں سنگھ پولیس چوکی پر ایک حملے میں 3 اسپیشل پولیس افسروں سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔