ممبئی (جیوڈیسک) پریانکا چوپڑا بالی ووڈ میں کامیابی کے بعد اب امریکی ٹی وی چینل پر بھی اپنی اداکاری کا جادو چلانے کے لیے تیار ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ کا ABC چینل کے لیے بنایا جانے و الا ڈرامہ ’’کوائنٹیکو‘‘ 27ستمبر سے شروع ہوگا۔ پریانکا کا کہنا ہے کہ آج کل ٹیلی ویژن کا سنہری دور چل رہا ہے اور وہ اس سنہری دور میں ٹی وی کا حصہ بننے پر کا فی خوش ہیں۔ یہ بات انھوں نے ایک پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پریانکا کا کہناتھا کہ انھیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کے چہرے کا رنگ کیا ہے، وہ کیسی دِکھتی ہیں یا وہ کہاں سے تعلق رکھتی ہیں۔
ان کا مقصد ایک ایسے پروجیکٹ میں کام کرنا ہے جس سے ان کو بحیثیت اداکارہ عزت ملے۔ انھوں نے کہا کہ امریکا میں ایک طا لبعلم کی حیثیت سے آنے کے بعد انھوں نے ٹی وی پر کبھی کسی کو نہیں دیکھا جو ان کی طرح نظر آتا اس لیے اب انھیں اپنے آپ کو ثا بت کرنے کا ایک موقع ملا ہے۔
اپنے کردار کے حوالے سے پریانکا کا کہنا تھا کہ وہ ’’کوائنٹیکو‘‘ میں امریکی نژاد بھارتی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو ایف بی آئی میں ملازم ہے اور نیویارک پر حملے بعد اسے مختلف مسائل اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن کا وہ بہترین طریقے سے حل نکالتی ہے اور یہ ایسا کردار ہے جسے نبھانا کسی بھی اداکارہ کی خواہش ہوسکتی ہے۔
بالی ووڈ فلمیں چھوڑنے کے سوال پر پریانکا کا کہنا تھا کہ اپنے نئے کام کی وجہ سے وہ ہندی فلمیں نہیں چھوڑ سکتیں کیونکہ وہ ہندی فلموں سے بہت محبت کرتی ہیں اور وہ اس بات سے بہت خوش ہیں کہ وہ دونوں کاموں کو توازن سے کرسکتی ہیں اور شو کا یہ حصہ ختم ہونے کے بعد وہ دوبارہ ہندی فلموں میں کام شروع کردیں گی۔
انھوں نے بتا یا کہ ٹی وی کے لیے 15گھنٹے روزانہ کی بنیا د پر کام کرنا ان کو کافی حیران کن لگا۔ انھیں ابھی یہ نہیں پتہ کہ یہ فلم کہاں سے شروع ہوگی اور کہاں ختم کیو نکہ پروڈیوسرز نے ابھی ان کو کچھ نہیں بتایا۔