اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف بیلاروس کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سکندر بوسن بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
پاکستان سے کسی بھی وزیر اعظم کا بیلا روس کا یہ پہلا دورہ ہے۔وزیر اعظم نواز شریف بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شنکو کی دعوت پر بیلا روس کا دورہ کر رہے ہیں، اس دورے کے دوران وزیر اعظم نواز بیلارشئن صدر، وزیر اعظم، اور ایوان بالا و زیریں کے چیئرمینز سے بھی ملاقات کریں گے۔
دورہ بیلا روس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کو بیلا روس اسٹیٹ یونیوورسٹی کی طرف سے پروفیسر کی اعزازی ڈگری بھی دی جائے گی، اور پاک بیلا روس معاہدوں اور یاداشتوں پر دستخط کیئے جائیں گے۔
وزیر اعظم پاک بیلا روس بزنس فورم میں شرکت کے علاوہ پاکستان مینگو اینڈ فلم فیسٹیول میں بھی شرکت کریں گے۔ بیلا روس کے صدر نے رواں سال مئی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔