اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ بھارت دولت مشترکہ کی پارلیمانی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں شرکت کرے تو سر آنکھوں پر اور اگر نہ بھی کرے تو کشمیر کی جنگ لڑیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں پی ٹی آئی ارکان کی قومی اسمبلی میں آمد پر ماحول سازگار رکھیں، ارکان اسمبلی تنقید ضرور کریں مگر ذاتیات پر بات نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے جو باتیں اسمبلی سے باہر کرتے ہیں وہ ایوان میں نہیں کرتے، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ باہر سیاست اور اصل بات اندر ہوتی ہے، پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی میں منظور قرارداد کی پاسداری کریں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والے اجلاس میں دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشنز کی 155 شاخیں شرکت کریں گی، اگر بھارت نے کانفرنس میں شرکت کی تو سر آنکھوں پر اور شرکت نہ بھی کی تو کشمیر کی جنگ لڑیں گے۔