کراچی : وفاق المدارس العربیہ کی مجلس عاملہ کے رکن ورئیس جامعہ بنوریہ عالمیہ شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے پنجاب کے مدارس سے گرفتارکیے جانے والے طلبہ وعلماء کی رہائی کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت حقیقت پسندی سے کام لے اور اغیارکی خوشنودی کی خاطراہل مدارس کوہراساں کرنے کے بجائے قصورمیں حکومت کی ناک کے نیچے کھیلے جانے والے جنسی کھیل کے اصل مجرموں کوبے نقاب کرے۔
ملزمان کی حکومتی جماعت سے وابستگی کی خبریں تشویش ناک ہیں،ان خیالات کااظہارپیرکے روزجامعہ بنوریہ عالمیہ میں پیغام اتحادویڈیوکی ریکارڈنگ کی تکمیل کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کیا۔انہوں نے کہاکہ مدارس کے خلاف الزام تراشی بند کردینی چاہیے۔
مدارس نے ہمیشہ اتفاق واتحاد کا درس دیاہے، اب قوم کو سمجھ آجانی چاہیے کہ فرقہ واریت،لسانیت صوبائیت کے فتنے مدارس یا مذہبی طبقے کی پیداوار نہیں بلکہ سیاسی کھیل ہیںاور جشن آزادی کا یہی پیغام ہے کہ پوری قوم جس طرح سے دہشت گردی کے خلاف ایک پیج پر کھڑی ہے اسی طرح ہر مسئلہ پر ایک ہوجائیں اور مثالی اتحاد کے ذریعے آباؤاجداد کی قربانیوں سے حاصل شدہ اس وطن عزیز کو استحکام وترقی کی راہ پر گامزن کریں، انہوںنے کہاکہ دہشت گرد سیاسی جماعتوں کی چھتری تلے سے دریافت ہورہے ہیں اورحقائق کے برعکس الزامات مدارس پر لگائے جارہے ہیں۔
مدارس پر چھاپے بلاجواز ہیں ہم بارہا کہ چکے ہیں کہ مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں،پنجاب کے مدارس سے گرفتاربے گناہ علماء وطلبہ کی رہائی خوش آئندہے تاہم اندھادھندچھاپے مارنے کاسلسلہ اب روک دیاجاناچاہیے،وفاق کی قیادت باربارکہ چکی ہے کہ اگر کوئی دہشت گرد مدارس میں ہے یا پھر کوئی مدرسہ ایسی کسی سرگرمی میں ملوث ہے تو متعلقہ وفاق کو بتایاجائے۔
علماء خود اس کے خلاف کاروائی کریں گے۔ مفتی محمدنعیم نے مزیدکہاکہ قصورمیں منظرعام پرآنے والے تاریخ کے سب سے گھناؤنے اسکینڈل میں حکومتی رکن اسمبلی کے نام کی بازگشت اورملزمان کی حکومتی وابستگی کی خبریں تشویش ناک ہیں، پنجاب حکومت اس اسکینڈل کے اصل ذمہ داروں کو جلد بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔