لندن (جیوڈیسک) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں رینجرز نے آپریشن ایمانداری سے کیا تو آہستہ آہستہ ہمارے زخم دھل جائیں گے اور وہ بھی کوشش کریں گے ان کی وجہ سے اداروں کے وقار کو ٹھیس نہ پہنچے۔
الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے استعفے منظور ہوگئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کے رویے کو دیکھ کر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی، کسی بھی ملک میں فوج حاکم نہیں نوکر ہوتی ہے، رینجرز نے آپریشن ایمانداری سے کیا تو بات ختم ہوجائے گی اور آہستہ آہستہ ہمارے زخم بھر جائیں گے، زخموں پر مرہم لگے گی تو ہم بھی قریب آجائیں گے۔
ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ پاکستان آصف زرداری، وزیر اعظم نواز شریف یا خود ان کی جاگیر نہیں، یہ ملک یہاں بسنے والے 20 کروڑ عوام کا ہے۔ نواز شریف اور آصف زرداری اس ملک کو بگاڑ ہی سکتے ہیں سنوار نہیں سکتے، وہ پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، اس لئے انہوں نے ایسے طاقتور حاکم کی بات کی جو خود بھی ایماندار ہو ،اگر وہ بھی چور ہوں تو ان ہیں بھی لٹکا دیا جائے۔