کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کوششوں میں مصروف ہے۔ کسی بھی آفت کے موقع پر پاکستان ریڈ کراس اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سیکریٹری محبوب قادر شاہ نے ڈپٹی سیکریٹری سردار ہیبت علی خان ، فوکل پرسن سردار ذیشان خان سیہڑ ایڈووکیٹ ، ڈپٹی دائریکٹر بصیر احمد بصیر اور ڈویژنل آفیسر سہیل اختر سردار کامران خان کے ہمراہ گزشتہ روز واڑہ سیہڑا کے مقام پر 200 سیلاب متاثرین میں ایک کروڑ روپے مالیت کا سامان جس میں ٹینٹ ، کچن سیٹ ، کمبل ، ترپال ، ہائی جین کٹ ، واٹر کینن ، صابن و دیگر سامان تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ سردار ہیبت علی خان ضلع لیہ خصوصاً کروڑ لعل عیسن کے عوام کی آواز اٹھاتے رہتے ہیں۔ انہوں نے لاہور میں رابطے کر کے واڑہ سیہڑا کے مقام پر سپر بند سمیت دیگر مرعات کیلئے آواز اٹھائی۔ ہم بھی انہی کی آواز پر واڑہ سیہڑا کا علاقہ سب سے پہلے چنا اور یہاں کے لوگوں کی حالت زار دیکھ کر سب سے پہلے واڑہ سیہڑا سے کام شروع کیا ہے۔
اس موقع پر ہیبت علی خان نے کہا کہ ہم اس علاقہ کے لوگوں کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور سپر بند کیلئے ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن سے مل کر آواز بلند کی ہے۔ سپر بند کیلئے سروے ہو چکا ہے۔ انشاء اللہ جلد کام شروع ہو جائے گا اور اس علاقے کے لوگ محفوظ ہوجائیں گے۔ اس موقع صدر انجمن تاجران طارق محمود پہاڑ ، ملک محمد ایوب ٹوٹن ، ملک محمد اشفاق ، عمران خان سیہڑ ، غازی خان سیہڑ ، ملک اختر سعادت خان سیہڑ سمیت دیگر افراد موجود تھے۔ سید محبوب قادر شاہ سیکریٹری پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے متاثرین سیلاب میں پیکج تقسیم کیا۔ اس موقع پر درجنوں متاثرین نے سردار ہیبت علی خان اور ذیشان خان سیہڑ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے۔
Pakistan Red Crescent Society Flood Victims relief Working