قصور (جیوڈیسک) ریحام خان سیاست میں نہ آنے کی سب باتیں بھول گئیں۔ نان سٹاپ سیاسی اننگز میں اپنے سرتاج کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
چپکے چپکے میدان سیاست میں قدم رکھنے والی ریحام خان سیاسی اور سماجی سطح پر تحریک انصاف کے دفاع میں بھی پیش پیش ہیں۔ قصور واقعہ کے بعد بھابھی ریحام خان طوفانی دوروں سے مخالفین کو ٹف ٹائم دے رہی ہیں۔ دس اگست کو متاثرین کی داد رسی کے بعد وہ آج پھر حسین والا پہنچ گئیں اور طنز کے تیر بھی خوب برسائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اگر ڈائیلاگ اچھے ہوں تو وہ انھیں اپنی فلم میں لے لیں لیکن وہ ان کے بیانات پر زیادہ توجہ نہیں دیتیں۔ میڈیا سے گفتگو میں ریحام خان نے استعفوں کے معاملے پر ایم کیو ایم کو بھی نہ بخشا۔ ریحام خان کو سرگرم دیکھ کر کپتان تو جتنے خوش ہوں سو ہوں، جلسوں کی ریٹنگ بھی انتہاؤں پر ہے۔