کراچی (اسٹاف رپورٹر) جشن یوم آزاد وطن پر وطن عزیز سے محبت کے اظہار کے لئے مسیحی عوام کا یوم آزادی کے موقع پر کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے مرکزی چیئر مین نعیم کھو کھر کی قیادت میں مزار قائد پر حاضری۔ اس موقع پر مزار قائد پر مسیحی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے چیئر مین نعیم کھو کھر نے کہاکہ وطن عزیز کی بنیادوں میں اقلیتی کا بھی لہو شامل ہے۔
پاکستان کی ترقی اور قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر میں اقلیتی عوام کو بھی مثالی کردار شامل ہے انہو ں نے کہاکہ اقلیتی عوام کی ملک کی عظیم قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح نے وطن عزیز میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دی ہے نعیم کھو کھر نے کہاکہ کرسچن کمیونٹی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے پیارے وطن کے لئے اقلیتی عوام کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔نعیم کھو کھر کی قیادت میں مسیحی عوام نے با بائے قوم کے مزار پر ملک کے تحفظ ،استحکام اور ترقی کے لئے خصوصی دعاء کی اور تحفظ وطن کے لئے جان قربان کرنے کا عزم کیا۔