اسلام آباد (جیوڈیسک) جواد ایس خواجہ نے پاکستان کے 23 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر ممنون حسین نے جواد ایس خواجہ سے پاکستان کے 23 ویں چیف جسٹس کا حلف لیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، نیول چیف ایڈمرل ذکا اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کے علاوہ وفاقی وزراء، چاروں صوبائی گورنر اور سپریم کورٹ کے ججز بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ جسٹس جواد ایس خواجہ 24 روز تک چیف جسٹس رہیں گے اور 9 ستمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے، جسٹس جواد ایس خواجہ کے بعد جسٹس انور ظہیر جمالی 10 ستمبر کو چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے۔ گزشتہ روز جسٹس ناصر الملک اپنی مدت ملازمت کی معیاد ختم ہونے کے بعد عہدے سے فارغ ہو گئے تھے۔